اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کو سپریم کورٹ کے حکم پر پانامہ کیس کی تحقیقات کے لئے تشکیل جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے موقع پر مریم نواز شریف کو سلیوٹ کرنے والی ایس پی ارسلہ سلیم کے خلاف محکمانہ کارروائی کے لئے درخواست دے دی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک وکیل رئیس عبدالواحد ایڈووکیٹ نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ خاتون پولیس افسر ارسلہ سلیم نے پانامہ جے آئی ٹی کے سامنے پیشی
کے لئے آنے والی مریم نواز کو جوڈیشل اکیڈمی کے باہر گاڑی سے اترتے وقت سلیوٹ کیا، مریم نواز کو ایس پی ارسلہ سلیم نے کس حیثیت سے سلیوٹ کیا؟ ارسلہ سلیم عوام کے ٹیکس سے تنخواہ اور مراعات لیتی ہیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ یونیفارم میں کسی کو سلیوٹ کرنا یونیفارم کی توہین ہے۔ ارسلہ سلیم نے پولیس یونیفارم کی توہین کی ہے، لہٰذا ارسلہ کے پولیس عہدے پر مزید رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی جی پولیس نے اگر ارسلہ سلیم کے خلاف محکمانہ کارروائی نہ کی تو اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔