پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختوا حکومت میں تحریک انصاف اور اس کی اتحادی پارٹی جماعت اسلامی کے درمیان ایم ڈی خیبربینک کی برطرفی معاملے پر اختلافات شدت اختیار کرگئے۔تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی نے ایم ڈی خیبربینک کو برطرف نہ کیے جانے پر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ وہ صوبائی حکومت سے علیحدگی اختیار کرسکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت میں جماعت اسلامی کے سینئر وزیر عنایت اللہ نے ایم ڈی خیبربینک کے معاملے پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی۔اس موقع پر عنایت اللہ نے پرویز خٹک سے
ایم ڈی خیبربینک کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا جرم ثابت ہوچکا ہے۔ انہیں فوراً عہدے سے ہٹایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے سبب وزرا پر شدید دباؤ ہے اور وہ مزید دباؤ برداشت نہیں کرسکتے۔اس ضمن میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ برطرفی کے معاملے پر ٹال مٹول کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ایم ڈی خیبر بینک کو نہ ہٹایا گیا تو حکومت اور کابینہ کا بائیکاٹ کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی تحریک انصاف حکومت سے علیحدگی پر صوبائی حکومت خاتمے کا شکار ہو سکتی ہے۔