لاہور (آن لائن) سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ یہ درخواست بیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری کی جانب سے دائر کی گئی ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پانامہ کیس کے فیصلے کی روشنی نوازشریف کو نااہل قرار دیا گیا ہے، میاں نوازشریف سپریم کورٹ کے احکامات کے برعکس نیب میں پیش نہیں ہو رہے، میاں نواز شریف کے پاس پاسپورٹ پر کئی ممالک
کے ویزے لگے ہیں جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ وہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لئے بیرون ملک چلے جائیں گے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ پانامہ کیس کے علاوہ عدالتوں میں میاں نواز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر ملکہ برطانیہ سے سر کا خطاب لینے کے علاوہ ایمل کانسی کو امریکہ کے حوالے کرنے کے مقدمات زیر التواء ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت میاں نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے احکامات صادر کیے جائیں۔