اسلام آباد(نیوز ڈیسک) جیل پر القاعدہ کے دہشتگردوں کا حملہ ، تین سو قیدی چھڑا لئےتمام رات شدید فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ، پاکستانیوں نے تہہ خانوں میں چھپ کر جانیں بچائیں۔تفصیلات کے مطابق المکلا میں پاکستانیوں کی رہائش گاہ کے قریب القاعدہ کے دہشت گرد جیل توڑ کر تین سو قیدیوں کو چھڑا لے گئے ، شدید فائرنگ اور گولہ بارود کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ مکلہ میں پاکستانی شہریوں کی رہائش گاہ پر موجود لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہری ڈاکٹر ذوالفقار سومرو اور انصار سومرو نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ رات ایک بجے پاکستانی رہائش گاہ سے چند قدم کے فاصلے پر مبینہ القاعدہ کے دہشت گردوں نے جیل پر حملہ کیا۔ پوری رات شدید فائرنگ اور گولہ بارود کا استعمال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رات سے جھڑپیں جاری ہیں۔ جیل توڑنے کے بعد دہشت گرد اب بھی اسی علاقہ میں موجود ہےں اور دہشت گردوں اور فوج کے درمیان بھی شدید لڑائی ہو رہی ہے۔ تمام پاکستانیوں نے جان بچانے کے لئے تہہ خانہ میں چھپ کر پناہ لی۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں سے دعا کی اپیل کی ہے۔