اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی نیوز پر قومی اسمبلی کی نشریات براہ راست دکھانے کے احکامات جاری، عائشہ گلا لئی کی ممکنہ تقریر اور سپیکر کے احکامات نے تحریک انـصاف میں کھلبلی مچا دی۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسمبلی اجلاس کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ،
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے اسپیکر سے ایوان کی کارروائی سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر کرنے کی درخواست کی تھی، قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے درخواست پر عمل کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی نشر کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، اب ایوان کی کارروائی سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر کی جائے گی۔واضح رہے کہ ذرائع کے مطابق آج قومی اسمبلی اجلاس میں پی ٹی آئی کی منحرف خاتون رہنما عائشہ گلالئی کی بھی آمد متوقع ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے خطاب میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان پر لگائے گئے الزامات پر بھی بات کریں جبکہ ان کی قومی اسمبلی میں متوقع آمد کے موقع پر ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی جانب سے ان کا خیر مقدم جبکہ بنی گالہ میں ہونے والے تحریک انـصاف کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی بنا لی گئی ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کی 20رکنی اخلاقیات کمیٹی قائم کی ہے جس میں 13ارکان کا تعلق ایوان میں نمائندگی کے تناسب سے حکمران جماعت کے پاس ہو گاجبکہ باقی اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کمیٹی کا حصہ ہونگے۔