اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشرق وسطیٰ میں امن و امان کے جائزے سے متعلق اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں سعودی عرب کا دورہ کرنے والے وفد کی جانب سے اجلاس کو بریفنگ د ی گئی ۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ایئر چیف مارشل سہیل امان،پاک بحریہ کے قائم مقام سربراہ وائس ایڈمرل خان حشام بن صدیقی ،سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری سمیت اعلیٰ عسکری حکام شریک ہوئے۔اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ سعودی عرب کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائیگی ۔سعودی عرب کی سلامتی کو خطرہ ہوا تو براہ راست ردعمل دینگے ۔خارجہ پالیسی میں قومی مفادات کو مقدم رکھا جائیگا۔پاکستان یمن میں غیر ریاستی عناصر کی مداخلت کی مذمت کرتا ہے۔صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے وزیر اعظم جلد صدر مملکت کو ایڈوائس بھیجیں گے۔