اسلام آباد( آن لائن )پاکستان میں چین کی کمپنی زاؤٹی نے اپنی گاڑی زی 100 فروخت کے لیے پیش کردی ہے۔پرو پاکستانی کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے زی 100 کے مجموعی ڈیزائن میں 7 جنریشن سوزوکی آلٹو کے ڈیزائن کو مدنظررکھا ہے۔ایک ہزار سی سی کی یور فور ای ایف آئی انجن گاڑی میں دیا گیا ہے جو کہ 68 ہارس پاور 1.0 لیٹر تھری سلینڈر انجن ہے۔اسی طرح اس میں پانچ اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن، الیکٹرک پاور اسٹیئرنگ، پاور ونڈوز، سنٹرل لاکنگ اور ڈیجیٹل انسٹرومنٹل کلسٹر جیسے فیچرز بھی موجود ہیں۔
گاڑی میں ائیر بیگز، اے بی سی پلس ای بی ڈی، سیٹ بیلٹ ری مائنڈر، ریورسنگ سنسر، آٹو میٹک ائیرکنڈیشنگ اور سی ڈی/ ایم پی تھری پلیئر وغیرہ بھی موجود ہیں۔سرخ، سفید، نیلے اور سلور رنگ میں دستیاب یہ گاڑی چینی کمپنی نے پاکستان میں ایچ آر ایل موٹرز کے اشتراک سے متعارف کرائی ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ ایک لیٹر پٹرول پر 18.9 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرسکتی ہے۔اس گاڑی کو پاکستان میں 11 لاکھ 72 ہزار روپے میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے جبکہ اسے 25 ہزار روپے میں بک کرایا جاسکتا ہے۔