اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے یمن میں محصور پاکستانیوں کی پہلے مرحلے میں واپسی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ باقی محصور پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جائے ۔منگل کے روز وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف ،وزیر خزانہ اسحاق ڈار ،طارق فاطمی ،مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز ،سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری اور دیگر حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں مشرق وسطی کی صورت حال ،سعودی عرب میں وفدبھیجنے ،یمن میں پھنسے پاکستانیوں اور چینی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں وزیر اعظم کو دفتر خارجہ کے حکام نے یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی پہلے مرحلے میں بحفاظت واپسی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محصور پاکستانیوں نے ان کی واپسی پر حکومت پاکستان اور وزیر اعظم کے اقدامات کو سراہا ہے جبکہ دیگر پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔وزیر اعظم نے یمن میں محصور پاکستانیوں کی پہلے مرحلے میں بحفاظت واپسی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باقی بچ جانے والے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی یقینی بنائی جائے اور اس حوالے سے یمن میں پاکستانی سفارت خانہ پاکستانیوں کی مشکلات کے ازالے کے ہر ممکن اقدامات کرے ،اجلاس میںاعلی سطح کا وفد سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور عسکری حکام سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ سعودی عرب کے حکام سے فوجی تعاون اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وفد یمن کی صورت حال پر سعودی عرب کو زمین کی حدتک سکیورٹی مدد اور تمام وسائل جو ضرورت ہوں گے جیسے امور کا جائزہ لیں گے ۔