راولپنڈی(آن لائن)آپریشن خیبر4کے تحت وادی راجگاں میں مسلح افواج کی کارروائیوں میں13دہشت گرد ہلاک اور6زخمی ہوگئے جبکہ وادی کا90مربع کلومیٹر علاقہ کلےئر کرنے سمیت بھاری مقدار میں بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیاگیا۔دہشتگردوں کی جوابی فائرنگ سے سپاہی عبدالجبار شہید ہوگیا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق خیبرایجنسی میں آپریشن خیبر4کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
مختلف سمتوں میں سپیشل سروسز گروپ کی مدد سے پیش قدمی کر رہے ہیں۔آرمی کے انجینئرز نے بارودی سرنگوں کو تلف کیا ہے جبکہ فضائیہ اور آرمی ایوی ایشن اور آرٹلری کی کارروائیوں سے دہشتگردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کئے گئے ہیں۔بتایاگیا ہے کہ ان کارروائیوں میں13دہشتگرد ہلاک اور6زخمی ہوئے جبکہ وادی کا90مربع کلومیٹر علاقہ بھی دہشتگردوں کے قبضے سے کلےئر کرالیاگیا،تاہم دہشتگردوں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں سپاہی عبدالجبار شہید ہوگیا ہے۔