لاہور (نیوز ڈیسک )سانحہ یوحنا آباد میں 2 افراد کو زندہ جلانے والے 4 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں گرجا گھروں پر خود کش حملوں کے بعد 2 افراد کو مشکوک سمجھ کر احتجاج کرنے والے مظاہرین کی جانب سے زندہ جلا دیا گیا تھا۔سی آئی اے پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث 4 مرکزی ملزمان کو ٹی وی پر چلنے والی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔سی آئی اے پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت اسلم ، الیاس ، عرفان اور وارث کے نام سے ہوئی ہے۔اور ان ملزمان کو صبح انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔سی آئی اے پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل اس واقعے میں ملوث 28 افراد کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جا چکا ہے۔یاد رہے سانحہ یوحنا آباد میں نعمان اور بابر نامی اشخاص کو بم دھماکوں میں ملوث سمجھ کر مشتعل مظاہرین کی جانب سے آگ لگا دی گئی تھی اور انہیں زندہ جلا کر قتل کر دیا تھا۔