اسلام آباد (آئی این پی) پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی نے قطری شہزادے حماد بن جاسم کو 13 مئی سے 4جولائی تک 4طلبی کے نوٹسز جاری کئے تاہم قطری شہزادے نے پاکستان کی حدود میں بیان دینے سے انکار کیا،وہ قطر میں پاکستانی سفارتخانے میں بھی آنے سے انکار کرتے رہے اور اپنے محل میں بیان ریکارڈ کرانے پر اصرار کرتے رہے۔
پیر کو جے آئی ٹی کی طرف سے سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی پانامہ کیس کی تحقیقات پر مبنی رپورٹ کے مطابق قطری شہزادے حماد بن جاسم کو پہلا نوٹس 13 مئی ، دوسرا نوٹس 24مئی ، تیسرا نوٹس22جون جبکہ چوتھا نوٹس 4جولائی کو جاری کیا گیا جس کا جواب 5جولائی کو دیاگیا۔قطری شہزادے نے ان نوٹسز کے جواب میں ہر بار یہی موقف اختیار کیا گیا کہ پاکستانی قوانین کا اطلاق ان پر نہیں ہوتا اگر جے آئی ٹی نے ان کا بیان ریکارڈ کرنا ہے تو وہ ان کی رہائش گاہ پر آئیں۔