اسلام آباد(آئی این پی )شاہراہ دستور سے پیر کو سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کے بارے میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پیش ہونے کے موقع پر سیاسی کارکنان غائب تھے ، خلاف توقع گزشتہ روز شاہراہ دستور پر کوئی نعرہ سننے کو ملا ،کوئی بینر اور جھنڈا نظر آیا ،نہ کوئی پرجوش متوالا اور ٹائیگر دکھائی دیا ۔ ٹی وی کیمروں کی بھرمار تھی ،
تین مقامات پر پچاسیوں کی تعداد کیمرے لمحہ بہ لمحہ کی کوریج کے لئے لگے ہوئے تھے ، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد بھی ان تینوں مقامات پر بھی موجود تھی ۔ پانامہ اسکینڈل کی سماعت کے ہر اہم موقع پر پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنان شاہراہ دستور پر ضرور اپنی حاضری لگواتے تھے ،پرجوش انداز میں اپنے قائدین کے نعرے لگاتے تھے مگر گزشتہ روز شاہراہ دستور سے سیاسی کارکنان غائب تھے ۔ کسی جماعت نے کارکنان کو شاہراہ دستور پر آنے کی کال نہیں دی ۔ پرامن طریقے سے جے آئی ٹی کے ارکان سپریم کورٹ میں داخل ہوئے ، پرامن ماحول میں رخصت ہوئے اور ساری کاروائی کو انتہائی خوشگوار طریقے سے نمٹایا گیا ۔50سے زائد مختلف ٹی وی چینلز کے کیمرے تین جگہوں پر لگے ہوئے تھے ۔ سپریم کورٹ کے داخلی دروازے کیساتھ ڈائس کے سامنے کیمرے لگے تھے ، سپریم کورٹ کے باہر مرکزی گیٹ پر بھی کیمروں کی بھرمار تھی ۔ اسی طرح میڈیا ٹاک کے لئے سپریم کورٹ کی پارکنگ کے قریب بھی جگہ مخصوص کی گئی تھی اور اس حوالے سے ڈائس بھی رکھا گیا تھا ۔