اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ پاکستان میں سول حکمرانی کے استحکام کو ترجیح دیتا ہے ۔یہ بات پاکستان کے دورہ پرآئے امریکی سینیٹر جان مکین نے اہم سٹیک ہولڈرز سے ملاقاتوں کے دوران کہی۔ایک مقامی روزنامے کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وفد نے دہشتگردی اور پاکستان کی افغان پالیسی کے ساتھ ساتھ پاکستان
کی حالیہ سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔وفد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،وزیر اعظم نوازشریف ،ان کے مشیروں سرتاج عزیز اور ناصر جنجوعہ سے ملاقاتیں کیں ۔مذکورہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹر جان مکین نے اشارے کنایہ میں کہا امریکہ چاہتا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف ہی رہیں لیکن دوسری طرف فوج کا موقف ہے کہ معاملہ سپریم کورٹ کے پاس ہے ۔یہ بات نظرانداز نہیں کہ جاسکتی کہ شریف فیملی اور ان کے حمائتیوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے خلاف سازش ہورہی ہے ۔ان کا اشارہ فوج کی طرف ہے اور وہ چاہتے ہیں عالمی برادری اس معاملے پر فوج سے بات کرے۔