اسلام آباد (این این آئی)پیپلز پارٹی نے جے آئی ٹی کاروائی کی ویڈیو ریکارڈنگ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کر دیا۔ سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے میڈیا کو بتایا کہ ویڈیو رکارڈنگ سامنے نہ لانے سے جے آئی ٹی کی کاروائی مشکوک رہے گی، حکومت جے آئی ٹی کو دھمکیاں دے رہی ہے۔ سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ویڈیو منظر عام پر نہ لانے کی وجہ سے الزامات لگتے رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ سرکاری
افسران نے نواز شریف کے بچوں کے ساتھ کوئی سختی برتی ہو گی، ویڈیو رکارڈنگ سامنے لانے سے شریف خاندان کے جے آئی ٹی پر الزامات کی حقیقت بھی معلوم ہو جائے گی۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ اگر شریف خاندان کے پاس جے آئی ٹی سوالات کے جواب ہوتے تو یہ 3 اپریل 2016 کو ہی دے دیتے۔ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے معاملے پر حکومت ٹوپی ڈرامے کر رہی ہے، انھوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت جے آئی ٹی کو دھمکیاں دے رہی ہے۔