اسلام آباد/ڈیرہ اسماعیل خان (آئی این پی)جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے انس محمود رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ، بارات اور ولیمہ بعد میں ہوگی ، شادی ایک سابق بینکار کی صاحبزادی سے ہوئی ، نکاح کی تقریب میں دولہا کے چاروں چچا اور وزیرہاؤسنگ وتعمیرات اکرم خان درانی بھی شریک ہوئے ۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحادی جماعت کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے انس محمود گزشتہ روز رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے جن کی نکاح کی سادہ تقریب ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی علاقے شورکوٹ میں مولانا فضل الرحمان کی اقامت گاہ پر ہوئی ۔ وفاقی وزیر ہاؤسنگ وتعمیرات اکرم خان درانی اور دولہا کے چاروں چچا، سینیٹر مولانا عطا الرحمان ، خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمان ، ایڈیشنل سیکرٹری افغان مہاجرین خیبرپختونخوا انجینئر ضیاء الرحمان ،ضلع کونسل ڈیرہ اسماعیل خان میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبید الرحمان اور خانقا ہ سراجیہ کندیاں شریف کے ذمہ داران سمیت مولانا برادران کے خاندان کے افراد نکاح کی تقریب میں شریک ہوئے ۔ نکاح کی تقریب انتہائی محدود اور سادہ تھی ۔ موسم گرما کے بعد بارات ہوگی اور ولیمے میں بڑی تعداد میں مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا ۔ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے کا نکاح ایک سابق بینکار کی صاحبزادی سے ہوا ہے