راولپنڈی(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ض ) کے ترجمان نے کہا ہے کہ آصف کرمانی کو میڈیا پر بیان بازی کرنے سے پہلے سوچ لینا چاہیے ، 5جولائی 1977کو ضیاء الحق شہید سویلین مارشل ایڈمنسٹریٹر کو اقتدار سے الگ نہ کرتے تو آج وزیراعظم ہاؤس میں وہ اقتدار کے مزے نہ لے رہے ہوتے۔
بدھ کو مسلم لیگ (ضیاء ) کے ترجمان نے وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی کے 5جولائی کے دن کو یوم سیاہ قرا ردینے اور اس دن ایک منتخب جمہوری حکومت کاتختہ الٹائے جانے کے بیان کے ردعمل میں کہاکہ آصف کرمانی جوش خطابت میں ہوش وحواس سے ماورا ہوجاتے ہیں ۔ ہم جواب دینے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں اور طاقت بھی مگر چونکہ مسلم لیگ (ض ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اتحادی پارٹی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم اس قسم کی بیان بازی سے گریز کر رہے ہیں ۔ مگر عقل سے عاری مشیروں اور چمچوں کو بھی عقل کے ناخن لینے چاہئیں اور ساتھ کھڑی جماعت اور اسکے کارکنان کے جذبات کا خیال رکھنا چاہیے ۔ ضیاء الحق شہید کے چاہنے والے ملک بھر کے قریہ قریہ کونے کونے میں بستے ہیں ۔