اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاک بحریہ کا فریگیٹ جہاز یمن میں محصور پاکستانیوں کی امداد کے لئے روانہ ہو گیا ہے ۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یمن میں محصور پاکستانیوں کی انخلاءمیں مدد کے لئے پاک بحریہ کا فریگیٹ جہاز یمن کے لئے روانہ ہو گیا ہے جو یمن خلیج عدن میں پوری تیاری کے ساتھ موجود ہو گا ۔ بحری جہاز یمن میں محصور پاکستانیوں کے انخلاء میں مددگار ثابت ہو گا ۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ جہاز میں عملے کے علاوہ 200 افراد کی گنجائش موجود ہے اور اس کے علاوہ بھی 24 گھنٹوں کے دوران دوسرا بحری جہاز بھی یمن کے لئے روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ جنگ اور امن میں کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔ ضرورت پڑنے پر پاکستانیوں کے انخلاءمیں بھرپور کردار ادا کریں گے۔