اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارت نے چین کا گھیراؤ کرنے کے لیے امریکا کو اپنی خدمات پیش کی ہیں جو اس کی خطے میں تنہا ہونے کی دلیل ہے۔کشمیر جرنلسٹ فورم کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ ’مسئلہ کشمیر کو متاثر کیے بغیر اور پاکستان کے آئین میں کسی بھی قسم کی ترمیم کیے بغیر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی خواہشات کے مطابق بااختیار حکومتوں کے قیام کے لیے کام ہو رہا ہے، سفارشات مرتب کی جا رہی ہیں اور جلد ہی انہیں حتمی شکل دے دی جائے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بھارت نے چین کا گھیراؤ کرنے کے لیے امریکا کو اپنی خدمات پیش کی ہیں، یہ اس کی خطے میں تنہا ہونے کی دلیل ہے، کشمیری رہنما سید صلاح الدین کو امریکا نے اسی تناظر میں بھارت کو خوش کرنے کے لیے دہشت گرد قرار دیا ہے، یہ اقوام متحدہ کا فیصلہ نہیں ہے اس لیے اس کی پابندی ہم پر لازم نہیں ہے۔‘سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ’بھارت کا موقف تھا کہ مسئلہ کشمیر ختم ہوچکا ہے مگر کشمیری عوام نے مقامی جدو جہد کے ذریعے بھارت کا پورا بیانیہ ہی بدل دیا ہے، کشمیریوں کو دن بدن عالمی برادری کی تائید و حمایت حاصل ہو رہی ہے جس کے باعث کشمیر کی تحریک آزادی بہت ہی اہم موڑ پر پہنچ چکی ہے۔‘