اسلام آباد(آئی این پی)امریکی سینیٹر جان مکین نے کہا ہے کہ پاکستان کی مدد کے بغیر افغانستان میں امن و استحکام ممکن نہیں ‘ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کا کردار اہم ہے‘امریکہ مقبوضہ کشمیر میں تشدد کا خاتمہ چاہتا ہے‘خطے میں رونما ہونے والے حالات کے تناظر میں پاک امریکہ تعلقات کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ اتوار کو سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر جان مکین نے کہا کہ امریکہ کی کشمیر سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کشمیر سے متعلق اپنی پالیسی جاری رکھے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر جان مکین نے کہا کہ امریکہ مقبوضہ کشمیر میں تشدد کا خاتمہ چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور میں ہر سال پاکستان کا دورہ کرتا ہوں۔ خطے میں رونما ہونے والے حالات کے تناظر میں پاک امریکہ تعلقات کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔