لاہور(این این آئی )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ شریف فیملی نے سپریم کورٹ کے 13سوالات کے جواب نہ دئیے توانکی اگلی عید لندن نہیں اڈیالہ جیل میں ہوگی، پانامہ لیکس کے متعلق فیصلے کے بعد ہم نے الیکشن کی تیاری شروع کردینی ہے ٗکوشش کریں گے کہ بہترین لوگوں کو ٹکٹ جاری کریں اس بار میں پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کے بعد میں خود ہر ٹکٹ کے متعلق فیصلہ کروں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چےئرمین سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے ملاقات اور میڈیا ٹاک کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جہانگیر ترین ،شفقت محمود ،فواد چوہدری ،نعیم الحق ،افتخار درانی ، میاں محمود الرشید ،میاں اسلم اقبال ، شعیب صدیقی ،ڈاکٹر شاہدصدیق خاں ، جمشید اقبال چیمہ ،شوکت بھٹی، نعمان چٹھہ ، رانا ندیم ، سہیل ظفر چیمہ سمیت مرکزی وصوبائی اورضلعی قائدین بھی موجود تھے امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کے متعلق سوال پر عمران خان کاکہناتھاکہ اگر پرویز مشرف کے دورحکومت نے ریمنڈ ڈیوس کا واقعہ ہوتا تو پھر ساراالزام فوج پر آنا تھالیکن جس وقت ریمنڈ ڈیوس کو چھوڑا گیا اسوقت سول حکومت تھی اورجو کچھ بھی ہوا وہ سول حکومت نے کیاتھا ایک سوال پر عمران خان نے کہاکہ جمہوریت کو کون خطرے میں ڈال رہاہے ؟۔انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس کیس پر ہم سڑکوں پر آسکتے تھے لیکن ہم سپریم کورٹ گئے وہاں حکمران کوئی ثبوت نہیں دے سکے جس کی وجہ سے دو ججوں نے فوری نااہل قراردیا جبکہ تین ججوں نے مزید تحقیقات کا فیصلہ کیا سپریم کورٹ کے اس فیصلہ پر شریف فیملی نے مٹھائیاں بانٹی انکاخیال تھاکہ وہ جے آئی ٹی کو خرید لیں گے کیونکہ انہوں نے ہمیشہ اداروں میں پیسہ چلایاتھالیکن جب ایسا نہیں ہوسکا تو انہوں نے جے آئی ٹی کے خلاف کمپین شروع کردی
اورجو وزیر عوام کے ٹیکسوں سے تنخوائیں لیتے ہیں وہ شریف فیملی کو بچانے کیلئے میدان میں نکلے ہوئے ہیں اورہمیں جمہوریت کا سبق دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ میں شریف فیملی کی کرپشن کا کیس چل رہاہے وزراء کا اس میں کوئی کام نہیں ہے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ آئی ایس آئی سے پیسے لینے ،اسامہ بن لادن سے پیسے لیکر بینظیر کی حکومت گرانے ،سپریم کورٹ پر حملہ کرنے ،جسٹس سجاد علی شاہ کے خلاف بلوچستان ہائیکورٹ میں بریف کیس پہنچانے والے آج ہمیں جمہوریت کا سبق دے رہے ہیں یہ چور شور مچارہے ہیں اورمجھے بہت مزہ آرہاہے۔
انہوں نے کہاکہ اصل میں جمہوریت نہیں مافیا ڈان خطرے میں آگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ شریف فیملی کی کرپشن کا دفاع قطری خط تھا وہ خط دینے والا آیا نہیں ہے اب جب سپریم کورٹ نے کہہ دیا کہ اگر خط دینے والا قطری نہیں توخط کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیں جس پر میں بھی مکمل اعتماد میں ہوں کہ اب شریف فیملی نہیں بچ سکتی اگر شریف فیملی نے سپریم کورٹ کے 13سوالات کے جواب نہ دئیے توانکی اگلی عید لندن نہیں اڈیالہ جیل میں ہوگی اندھیری رات ختم اورنیاسورج طلوع ہورہاہے۔
انہوں نے کہاکہ جس نے پرائز بانڈسے پیسے بنائے ہوں اسے کیاپتہ پانامہ کیس کیاہے ؟یہ تو حلال کے پیسے والوں کو پتہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں سمجھتاہوں کہ اندھیری رات ختم اورنیاسورج طلوع ہورہاہے نوازشریف کے نزدیک نئے پل اورسڑکیں بنانا نیاپاکستان ہے اورمیرے نزدیک عدل وانصاف والا معاشرہ لانا نیا پاکستان ہے ۔عمران خان نے جمشید دستی کے متعلق سوال پر کہاکہ پاکستان میں قانون صرف اپوزیشن والوں کیلئے ہیں پانامہ کاکیس کرپشن مافیا کے خلاف ہے
عمران خان نے دوسری جماعتوں سے تحریک انصاف میں شمولیت کرنے والوں کے متعلق سوال کے جواب میں کہاکہ جو بھی تحریک انصاف میں آتا ہے وہ ہماری نظریے کو جوائن کرتاہے لوگوں کے آنے جانے سے پارٹی کا منشور خراب نہیں ہوتاہم نے کنٹرول رکھنا ہے کوئی فرشتے توآنے نہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے 900لوگوں کو الیکشن کے ٹکٹ دینے ہیں 2013کے انتخابات میں میرے پاس اتنا ٹائم نہیں تھا سفارشات کی بنیاد پر پارٹی ٹکٹ جاری کئے تھے لیکن اس بار میں پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کے بعد میں خود ہر ٹکٹ کے متعلق فیصلہ کروں گا ۔انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس کے متعلق فیصلے کے بعد ہم نے الیکشن کی تیاری شروع کردینی ہے اورکوشش کریں گے کہ بہترین لوگوں کو ٹکٹ جاری کریں ۔