اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم ہاؤس نے لیگی وزراء اور رہنماؤں کو پاناما جے آئی ٹی متنازعہ بنانے کی ہدایت جاری کردی۔نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز نے رپورٹ میں کہا ہےکہ ذرائع کے مطابق پاناما لیکس کی تحقیقات آخری مراحل میں ہیں اور کسی بھی فیصلے کے پیش نظر مسلم لیگ ن نے تحقیقاتی ٹیم کو متنازعہ بنانے کی حکمت عملی طے کرلی ہے، پاناما فیصلے کے دن قریب آتے ہی جے آئی ٹی پر دباؤ ڈالا جائے گا۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس سے جے آئی ٹی کے حوالے سے جارحانہ حکمتِ عملی اپنانے کی ہدایت کردی،
لیگی وزراء اور اراکین کو پاناما جے آئی ٹی کے خلاف بیانات جاری کرنے اور تحقیقاتی ٹیم کو متنازعہ بنانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔وزیراعظم ہاؤس سے ہدایات ملنے کے بعد وزراء نے فوری عملدرآمد شروع کردیا جس کی ایک جھلک لاہور میں خواجہ سعد رفیق کی تقریر میں نظر آئی جس میں انہوں نے پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم پر شدید تنقید کی۔قبل ازیں مختلف وقتوں میں لیگی رہنماؤں کی جانب سے جے آئی ٹی پر تنقید کی جاچکی ہے، ن لیگ کے سابق سینیٹر نہال ہاشمی نے تفتیشی افسران کو کھلے عام دھمکی دی تھی جبکہ دیگر وزراء بھی متنازعہ بیانات دیتے نظر آئے ہیں۔