مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی)اسرائیلی فوج نے شام سے مقبوضہ وادی گولان میں داغے گئے راکٹ کے جواب میں بشار الاسد فوج کی تنصیبات پر بمباری کی ۔عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیلی فوج بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کے اندر سے وادی گولان میں ایک راکٹ داغا گیا تھا۔ یہ راکٹ ویران علاقے میں گر کر پھٹا ہے جس کے نتیجے میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ وادی گولان میں داغا گیا راکٹ شام میں جاری خانہ جنگی کا نتیجہ ہے۔خیال رہے کہ شام کے اندر سے اسرائیل کے زیر تسلط وادی گولان میں ایک ہفتے کے دوران یہ چوتھا راکٹ حملہ ہے۔راکٹ حملوں کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ تل ابیب شام کی طرف سے کسی بھی خطرے کا پوری قوت سے جواب دے گا۔سنہ 2011ء کے بعد شام میں جاری خانہ جنگی کے دوران اسرائیلی فوج کئی بار شام کے اندر بمباری کر چکی ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے شامی فوج اور اس کی حلیف لبنانی حزب اللہ کے قافلوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔