اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک جاپان بزنس کونسل جو کہ معروف جاپانی سماجی و کاروباری تنظیم ہے نے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی والدہ اور بہن کا علاج کرانے کا اعلان کیا ہے۔ پاک جاپان بزنس کونسل تنظیم کے صدر رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ جمشید دستی کی والدہ اور بہن کے علاج کے تمام اخراجات ہم کریں گے۔ ان کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق جس وقت بھی جمشید دستی کے اہل خانہ سے رابطہ ہو گا ہم ان کی مدد کریں گے اس کے علاوہ پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین
نے حکومت سے انسانی بنیادوں پر جمشید دستی کو ضمانت پر رہا کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے اس بارے میں موقف اختیار کیا کہ جن الزامات کے تحت جمشید دستی کو گرفتار کیا گیا ہے، ایسے الزامات کئی دیگر حکومتی ارکان اسمبلی پر بھی موجود ہیں انہوں نے عمران خان اور علامہ طاہر القادری کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف بھی وہی ایف ائی آر درج ہیں تاہم گرفتار صرف جمشید دستی کو کیا گیا ہے جو کہ سراسر ناانصافی ہے جس پر حکومت کو انسانی ہمدردی کے تحت سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔