خانہ کعبہ کی خدمت ایک اہم فریضہ ہے جو خوش قسمت لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔خانہ کعبہ کی خدمت کا فریضہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فتح مکہ کے موقع پر سنہ 8 ہجری میں ’’بنو شیبہ‘‘ سے تعلق رکھنے والے عثمان بن ابی طلحہ رضی اللہ عنہ کو چابی دے کران کے سپرد کیا، اس کے ساتھ ہی اللہ کے نبی نے اعلان فرمایا کہ ’’یہ اب ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بنو شیبہ کے پاس ہی رہے گی
اور اس کو ظالم شخص کے سوا کوئی نہ چھینے گا۔‘‘ اس دن سے لے کر آج تک ’’بنو شیبہ‘‘ کے فرزندان ہی کو کعبہ کا ’’کلید بردار‘‘ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔روایات کے مطابق تاریخی طور پر خانہ کعبہ کی خدمت کا آغاز حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کے زمانے سے شروع ہوا جب انہوں نے بیت اللہ کی بنیادیں قائم کیں۔ ان کے امور میں بیت اللہ کو کھولنا، بند کرنا، صاف کرنا، غسل دینا، غلاف چڑھانا، اور غلاف پھٹ جانے یا ادھڑ جانے کی صورت میں اس کو پھر سے درست کرنا اور بیت اللہ کی نگرانی کرنا شامل تھا۔حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو کعبے کی خدمت گاری کے علاوہ بیت اللہ کی زیارت کرنے والوں کو پانی پلانے کی ذمہ داری بھی سونپی ہوئی تھی۔ حضرت اسماعیل علیہ السلام کی وفات کے بعد ’’جرہم قبیلے‘‘ نے ان کی اولاد سے یہ ذمہ داری چھین لی۔ کچھ عرصے بعد ’’خزاعہ قبیلے‘‘ نے ’’جرہم قبیلے‘‘ سے کعبے کی خدمت گاری لے لی، یہاں تک کہ رسول اللہ کے جد امجد قصی بن کلاب نے اسے واپس لے لیا کیونکہ وہ حضرت اسماعیل علیہ السلام کی اولاد میں سے تھے۔بعد ازاں یہ ذمہ داری قصی بن کلاب کے بڑے بیٹے عبدالدار کے حوالے کردی اور پھر یہ ذمہ داری موروثی طور پر چلتے ہوئے عثمان بن طلحہ تک پہنچ گئی جو رسول اللہ ﷺ کے ہم عصر تھے۔