اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدرآج جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق جے آئی ٹی نے وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آج طلب کر رکھا تھا ۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر وزیراعظم کے مشیر آصف کرمانی
کے ہمراہ خود گاڑی ڈرائیور کر کے جوڈیشل اکیڈمی پہنچے ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے اور پولیس کی نفری جوڈیشل اکیڈمی کے باہر تعینات تھی ۔ وزیراعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی پانامہ جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع ن لیگی کارکنوں کی بھی ایک بڑی تعداد وہاں موجود تھی جنہوں نے قیادت کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف ان کے صاحبزادگان حسن اور حسین نواز، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو چکے ہیں جبکہ وزیراعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے عمرہ ادائیگی کیلئے اہلخانہ کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہونا تھا اور اس سلسلے میں انہوں نے جے آئی ٹی کو ایک درخواست بھی دے رکھی تھی کہ ان کو 24جون سے قبل طلب کر لیا جائے تاکہ وہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ ہی روانہ ہو سکیں۔