اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ترجمان وزیراعظم نے کہاہے کہ یمن میں محصور پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے وزیراعظم کی ہدایت پر ایکشن پلان ترتیب دے دیاگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یمن میں محصور پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے وزیراعظم کی ہدایت پر پی آئی اے کے دو طیارے روانگی کیلئے تیار ہیں۔یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے پلان ترتیب دے دیا گیاہے جس کے تحت پاکستانیوں کو قافلوں کی شکل میں یمن کے ہمسایہ ملکوں میں سخت سیکیورٹی میں باحفاظت لے جایا جائے گا جہاں سے پاکستان ایئرلائن کے طیارے انہیں پاکستان پہنچائیں گے اور اس سلسلے میں یمن میں موجود سفارتخانے نے محصور پاکستانیوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں اور انہیں مخصوص مقام پر پہنچنے کیلئے ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ترجمان وزیراعظم نے کہاہے کہ یمن کے بیشتر ایئرپورٹس غیر فعال ہو چکے ہیں اور ایوی ایشن حکام صنعا میں موجود پاکستانی سفارتخانے کی کلیئرنس کے منتظر ہیں۔ترجمان وزیراعظم کا کہناہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے ہدایات جاری کیں ہیں کہ یمن سے پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء سے متعلق انہیں ہر گھنٹے بعد آگاہ کیاجائے۔