اسلام آباد (نیوز ڈیسک)دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ یمن میں محصور پاکستانیوں سے مسلسل رابطے میں ہیں ،پاکستانی شہریوں کے انخلاءکیلئے یمن کے پڑوسی ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں ۔ہفتہ کے روز ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کے مرکزی ائیر پورٹس مکمل طور پر بند ہوگئے ہیں جبکہ زمینی راستے غیر محفوظ ہیں،یمن میں پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک کے شہری بھی پھنسے ہوئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ 2 ماہ پہلے پاکستانی شہریوں کو یمن سے انخلاءکی ہدایت کر دی تھی اور خطرات سے بھی آگاہ کیا گیا تھا ،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانیوں کا انخلاءحکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے حکومت یمن میں محصور پاکستانیوں سے مسلسل رابطے میں ہے اور یمن کے پڑوسی ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے کئے جارہے ہیں تاکہ پاکستانی شہریوں کو محفوظ انخلاءکے ذریعے پڑوسی ممالک میں پہنچایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کو قافلوں کی صورت میں سکیورٹی حصار میں محفوظ انخلاءکو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں اور اس حوالے سے تمام تر صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔