اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پانامہ جے آئی ٹی پر تنقید ، مریم نوازسمیت حکومتی ارکان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر۔ تفصیلات کے مطابق پانامہ جے آئی ٹی سے متعلق بیان بازی پر سندھ ہائی کورٹ میں وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی سمیت دیگر حکومتی ارکان
کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست سہیل بیگ نوری نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں مریم نواز اور ن لیگی رہنمائوں سمیت وزارت اطلاعات اور پیمرا کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ مریم نواز، نہال ہاشمی، آصف کرمانی ، طلال چوہدری اور دانیال عزیز مسلسل جے آئی ٹی کو ہراساں کرنے کے مرتکب ہو رہے ہیں جس سے ان کی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور چونکہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت شریف خاندان کے خلاف پانامہ لیکس تحقیقات میں مصروف عمل ہے لہٰذا انہیں دھمکانے اور ہراساں کرنے کی کوئی بھی کوشش توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے اس لئے عدالت مذکورہ بالا فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔