اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف سے آج ایم کیو ایم کا وفد ملاقات کرے گا جس میں کراچی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ذرائع کے مطابق مطابق وزیراعظم نوازشریف سے آج متحدہ قومی موومنٹ کا وفد اسلام آباد میں ملاقات کرے گا، وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر سینئر پارٹی رہنما شامل ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہیکہ ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات سہ پہر تین بجے متوقع ہے جس میں کراچی آپریشن سمیت شہر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جب کہ ایم کیوایم کا وفد وزیراعظم کو تحفظات سے بھی آگاہ کرے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نوازشریف نے کراچی کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر ایم کیوایم کی جانب سے وزیراعظم سے ملاقات کا وقت مانگا گیا تھا تاہم مصروفیات کے باعث وزیراعظم اور متحدہ کے وفد کی ملاقات نہیں ہو پائی تھی۔