اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے ایک سٹیورڈ کو برطانیہ میں فراڈ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی اے کے افسران نے انٹیلی جنس اطلاعات پر 58 سالہ شوکت علی چیمہ کو برمنگھم ائیرپورٹ پر گرفتار کیا یہ گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب وہ 22 مارچ کو پاکستان سے یہاں پہنچا تھا۔ رپورٹس کے مطابق شوکت علی غیر قانونی پاکستانی اور برطانوی پاسپورٹس اور دیگر جعلی دستاویزات ساتھ لیکر جا رہا تھا جو امیگریشن کے لئے استعمال ہو سکتی تھیں۔ نیشنل کرائم ایجنسی کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ شوکت علی چیمہ کو بارڈر کنٹرول افسران نے نہیں بلکہ این سی اے کے افسران نے گرفتار کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ چیمہ کو تحویل میں لے لیا گیا اور عدالت میں اگلی پیشی پر واضح ہو گا کہ آیا انہیں ضمانت دی جائے گی یا نہیں اور کن حالات میں انہیں ضمانت دی جائے گی۔