اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے الزام لگایا ہے کہ حسین نواز کی جے آئی ٹی پیشی کی تصویر لیک کرنے میں وزیر داخلہ چوہدری نثار اور انٹیلی جنس بیو روکا ہاتھ ہے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت جے آئی ٹی اور ججز کو متنازع بنارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی بلڈنگ کی سیکورٹی چودھری نثارکے پاس ہے۔اس سے پہلےپانامہ سیکنڈل کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے
حسین نواز کی پیشی کے موقع کی تصویر منظر عام پر آگئی جس میں وہ سر جھکا کر بیٹھے ہیں۔یہ تصویر 28مئی 2017کی ہے۔ تصویر کوسب سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ جے آئی ٹی کی کارروائی کو ٹی وی پر براہ راست دکھانا چاہیے تاکہ سب کو پتہ چل سکے کہ جے آئی ٹی میں کیا ہورہا ہے،یہ موٹو گینگ کو میڈیا پر فضول باتیں کرنے سے بھی روکے گا۔تصویر لیک ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک طوفان برپا ہوگیا اواسے مذاق کا نشانہ بنایا جارہا ہے تو وہیں یہ سوال بھی اٹھایا جارہا ہے کہ اتنی حساس جگہ سے یہ تصویر کیسے لیک ہوگئی ۔لیکن جو بھی اب جے آئی ٹی کی کارروائی پر بہت بڑا سوالیہ نشان لگ چکا ہے اور یہ مطالبہ اب زور پکڑتا جارہا ہے کہ جس نے بھی یہ تصویر لیک کی ان عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔