اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع اور بجلی و پانی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جن سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ ہیں ان کے خلاف آپریشن ہونا چاہئے‘ کسی بھی سیاسی جماعت میں کوئی بھی کریمنل موجود ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ ختم ہونے چاہئیں اور جن جماعتوں میں کریمنلز موجود ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست قانون کے دائرہ کار میں رہ کر دہشتگردوں اور کریمنلز کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ مذہب کو اپنے ذاتی اور گروہی مفادات کے لئے استعمال کر رہے ہیں جو کہ غیر مناسب ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی ایک ادارے کو مورد الزام نہیں ٹھہرانا چاہئیے کیونکہ تمام اداروں میں کوئی نہ کوئی خرابیاں موجود ہوتی ہیں۔ انہوں نے لوڈشیڈنگ کے حوالے سے کہا کہ آنے والی گرمیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں کی وجہ سے اس کے اثرات تمام چیزوں پر مرتب ہوئے ہیں اور مہنگائی میں کمی آ رہی ہے۔ رانا فضل اللہ کی ہلاکت کے سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی میں تصدیق نہیں کر سکتا کہ وہ ہلاک ہوا ہے کہ نہیں۔