اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دس گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ برداشت نہیں کریں گے، پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الٰہی کا پیسکو کے تمام گرڈ سٹیشنز پر قبضہ کا اعلان ، تمام تر حالات کی ذمہ دارصوبائی حکومت ہے، ترجمان پیسکو۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الٰہی نے تمام گرڈ سٹیشنز پر قبضےکا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ
10گھنٹے سے زیادہ لوـڈ شیڈنگ برداشت نہیں کرینگے۔ جبکہ دوسری جانب پولیس نے گزشتہ روز ہزار خوانی فیڈر پر دھاوے اور بند فیڈرز کو کھولنے پر کارروائی کا اعلان کر دیا۔ واضح رہے کہ ایم پی اے فضل الٰہی نے پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں کے ہمراہ ہزار خوانی فیڈر پر دھاوا بولتے ہوئے قبضہ کر لیا تھا اور مختلف دیہاتوں کی بند بجلی بحال کر دی تھی ۔ ترجمان پیسکو کے مطابق صوبائی حکومت نے بلوائیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جبکہ ساری رات بلوائی ایم پی اے اور اس کے حامی گرڈ سٹیشن پر قابض رہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام تر حالات کی ذمے داری صوبائی حکومت پر ہے لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا۔ عوام کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی راہ پر ڈالا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اگر بلوں کی ادائیگی نہیں ہوگی تو یہ زبردستی کی چوری ہے۔ ایم پی ایز لوگوں کو بجلی دینے کا بیڑا اٹھارہے ہیں تو بلز کی ادائیگی کا بیڑا بھی اٹھائیں۔