دبئی(نیوزڈیسک)بھارتی پولیس نے ایک گمشدہ نئی نویلی دلہن کے شوہر کو دس سال بعد گرفتار کرلیا ہے،اس پر الزام ہے کہ اس کی بیوی کی گمشدگی کے پیچھے اس کا ہاتھ ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابو انٹونی نامی بھارتی دبئی میں کام کرتا تھا اور اگست 2005ءمیں بھارت میں اس کی شادی ایک بھارتی لڑکی سمیتھا کے ساتھ ہوئی اور دونوں صرف 17دن ہی ساتھ رہ سکے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دبئی پہنچ کر لڑکی نے اپنے والدین کو 1ستمبر2005ءکو فون کیا کہ وہ بحفاظت پہنچ گئی ہے لیکن صرف دو دن بعد وہ ایک دم روپوش ہوگئی اور اس کا شوہر ر رپورٹ درج کروا کر امریکہ چلا گیا ۔ اس نے یہ موقف اختیار کیا کہ اس کی بیوی ایک ڈاکٹر کے ساتھ بھاگ گئی ہے اور جاتے ہوئے ایک خط بھی چھوڑ گئی ہے جس میں لکھا ہے کہ وہ جارہی ہے۔سابو نے امریکہ جا کر نئی شادی کر لی لیکن اس دوران لڑکی کے والدین نے اپنی کوشش جاری رکھی اوربھارتی ریاست کیرالہ کے وزیر اعلیٰ کی مدد سے انٹر پول کے ذریعے اس کیس کی تفتیش کروائی۔دس سال گزرنے کے بعد بلاآخر یہ کیس کھلا اور تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ جو خط سابو نے کہا تھا کہ اس کی بیوی نے چھوڑا ہے دراصل اس نے خود لکھا ہے، اس کی لکھائی اور خط کی تحریر میں کافی یکسانیت پائی گئی ہے۔اس بناءپر سابو کو امریکہ سے بھارت بلا کر گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔