اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) برطانوی شہر مانچسٹر میں امریکی گلوکارہ کے کنسرٹ کے دوران خودکش حملہ کرنے والے سلمان عبیدی کے بارے انکشاف کیا گیا ہے کہ وہ عمرہ کیلئےسعودی عرب جانے کا بہانہ کر کے گھر سے نکلا تھا ۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان عبیدی کے خاندان کے قریبی ایک شخـص کے مطابق سلمان عبیدی کئی سال سے مذہب کی طرف مائل تھا
اور اس کی حرکات کی وجہ سے اس کے والدین کافی پریشان رہتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ والدین نے سلمان کو واپس لیبیا بلایا اور اس کا پاسپورٹ ضبط کرلیاتھا۔سلمان عبیدی کے دوست کے مطابق اس نے والدین سے پاسپورٹ نکلوانے کیلئے بہانہ کیا کہ وہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جاناچاہتا ہے جس پر والدین مطمئن ہو گئے اور اسے پاسپورٹ دے دیا مگر وہ سعودی عرب جانے کے بجائے مانچسٹر چلا گیا جس پر اس کے والدین میں تشویش پائی جاتی تھی۔ مانچسٹر پہنچنے کے پانچ دن تک اس نے گھر رابطہ نہیں کیا ۔ پانچویں روزاس نے لیبیا میں اپنے والدین سے رابطہ کیا اور کہا وہ مانچسٹر سے ریاض جانے والی پرواز سے عمرہ پر جا رہا ہے۔ والدین ایک بار پھر مطمئن ہوگئے مگر اب کی بار بھی ان کا اطمینان عارضی تھا۔ واضح رہے کہ سلمان عبیدی کی پیدائش 22 سال قبل برطانیہ میں ہوئی۔ اس کے تین دوسرے بھائی بھی برطانیہ ہی میں پیدا ہوئے تاہم اس کے والدین کچھ عرصہ قبل لیبیا منتقل ہوگئے تھے۔