جمعہ‬‮ ، 18 جولائی‬‮ 2025 

پاکستان نے کلبھوشن یادیو کی سزا پر عملدرآمد کا اعلان کردیا 

datetime 20  مئی‬‮  2017
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وارسک (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کلبھوشن بھارتی جاسوس ہے اس معاملے میں کو ئی ابہام نہیں ٗ بھارتی جاسوس کو پاکستانی آئین اور قانون کے مطابق سزا دی گئی ہے اسی کے مطابق سزا پر عمل ہوگا ٗ پاکستان کسی ایسی پالیسی کا سوچ بھی نہیں سکتا جو افغانستان کی خود مختاری اور امن میں خلل ڈالے ٗ افغان حکومت الزام تراشی کے بجائے اپنی داخلی کمزوریوں پر ترجہ دے ٗ

افغانستان کا بھارت کی زبان میں بات کر نا قابل قبول نہیں ٗ رمضان المبارک کے بعد ایران کا دورہ کروں گا، ایران سے ہمارے قریبی تعلقات ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے ٗ ہم ایک دوسرے کے خلاف کسی کی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے ٗ ایف سی چھوٹی موٹی فورس نہیں ہے ٗ آپ نے ملک سے شر اور فساد کو ختم کر نا ہے ٗ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہادت پانے والوں کو پھر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ٗملک کو دہشتگردی سے مکمل پاک کر نے کیلئے دو تین ماہ میں 29ونگز تیار کرینگے ۔ہفتہ کو وارسک میں ایف سی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں اور وہ غیر ملکی ایجنٹ اور جاسوس ہے جو پاکستان میں بہت سی دہشتگرد کارروائیوں کا مرتکب ہے اور اگر وقت پر نہ پکڑا جاتا تو مزید تباہی کا مرتکب ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے قانون کے مطابق سارے معاملے کو ہینڈل کیا ہے اور اس میں کوئی شک اور اختلاف نہیں ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کیلئے پاکستان کے عوام کی قربانیوں کی لمبی تاریخ موجود ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے دل اکٹھے دھڑکتے ہیں ٗافغان حکومت کی پالیسی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میں اس پر اظہار خیال نہیں کرنا چاہتا،

مگر پاکستان کی پالیسی بڑی متفقہ اور واضح ہے کہ پاکستان کسی بھی ایسی پالیسی کا ساتھ دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا جو افغانستان کی آزادی ، خود مختاری اور امن میں خلل ڈالے ، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان میں امن کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت تنقید کرنے کی بجائے اپنی کمزوزیوں کو دور کرنے پر توجہ دے اور دشمن کی زبان میں بات نہ کرے ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جب افغانستان ہمسائے کے طور پر بات کرے گا تو اس کی بات توجہ دینگے تاہم بھارت کی زبان میں کی گئی باتیں قبول نہیں ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران دوست اور برادر ممالک ہیں جن کا باہمی اتفاق ہے کہ ملکر مسائل کا خاتمہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کے خلاف کسی کی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے ۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر رمضان کے بعد ایران کا دورہ کرونگا اور ہم ایران سے ملکر مسائل کا خاتمہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں ۔ کلبھوشن یادیو کے بارے میں ایک سوال پر وزیر داخلہ نے کہاکہ جہاں خامی اور تقسیم موجود نہ ہو تو اس کو تلاش نہ کیا جائے اور اور افواہوں پر نہیں جانا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک جاسوس ہے جو ہمارے ملک میں گرفتار ہوا ہے جس کے ملک کے خلاف عزائم شدید ترین تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جاسوس کو پاکستان کے آئین اور قانون کے تحت سزا دی گئی ہے ٗ عالمی عدالت انصاف میں یہ کیس بھارت لیکر گیا جہاں پر بھی پاکستان نے یہی موقف اپنایا ہے ۔قبل ازیں وارسک میں فرنٹئیر کور (ایف سی) کے 1256ویں کورس کی تکمیل پر ہفتہ کو پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز کے نوجوانوں کا قابل رشک کردار پوری قوم کے سامنے ہے ٗ

پاسنگ آؤٹ پریڈ میں اپنی تربیت مکمل کرنے والے ایف سی کے آٹھ سو ریکروٹس نے شرکت کی ۔ اس موقع پر وزیرداخلہ نے پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس ، انکے والدین اور اساتذہ کو کامیابی سے تربیت مکمل کرنے پر مبارک باد دی ۔ انہوں نے کہا کہ آج آپ کے پیشہ وارانہ زندگی کی ابتدا ہے لیکن زندگی اور پیشے کے بہت سے امتحان آپکے سامنے ہیں ۔

انہوں نے فورس کے جوانوں پر زور دیا کہ آپ نے زندگی کے ہر امتحان ، آزمائش اور مشکل میں ایک دوسرے سے بڑھ کر کامیابی حاصل کرنی ہے اور قومی خدمت کا ایک اعلیٰ معیار قائم کرنا ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آج کے روز آپ سب اپنی زندگی میں پہلا قدم اٹھانے لگے ہیں اور آپ جس فورس کا باقاعدہ حصہ بن رہے ہیں اورجو وردی زیب تن کر رہے ہیں اس حوالے سے آپکی ذمہ داری ہے کہ اس وردی اور فورس کا مان رکھیں ، اس کی عزت اور وقار میں اضافہ کریں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف سی کی تاریخ سو سال سے بھی پرانی ہے اور یہ کوئی عام سیکیورٹی فورس نہیں ہے بلکہ اس کی لمبی تاریخ میں سینکڑوں اور ہزاروں نوجوانوں کا خون شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ آپ نے اعلیٰ معیار کو قائم رکھتے ہوئے غازیوں اور شہیدوں کی روایات کو بر قرار رکھ کر مزید اعلیٰ معیارات قائم کرنے ہونگے جس پر ہم سب فخر کر سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ آپ صرف ایف سی کے سپاہی ہی نہیں ہیں بلکہ اسلام اور پاکستان کے محافظ بھی ہیں اور آپ نے ملک سے شر اور فساد کو ختم کرنا ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ آپ اُس ملک کے محافظ ہو جو اللہ اور اس کے رسولؐ کے نام پر حاصل کیا گیا ہے اور یہ واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر معرض وجودمیں آیا ہے ۔اس کا دفاع ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ گذشتہ چند سالوں کے دوران مٹھی بھر لوگوں نے ملک میں فساد اور شر برپا کر رکھا ہے اور آپ نے اپنے زور بازو سے اس کا مکمل قلع قمع کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر سپاہی اسلام کا سپاہی ہے اور یہ بات ہر وقت آپ کے ذہن میں موجود رہنی چاہئے کہ فساد اللہ تعالیٰ کو سخت ناپسند ہے اور جو لوگ اللہ کی دھرتی پر فساد پھیلاتے ہیں اللہ انہیں سخت نا پسند کرتا ہے ۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا اللہ تعالیٰ نے ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا ہے اورشر پسند اسلام کے نام پر معصوم بچوں ، خواتین اور بے گناہ شہریوں کو شہید کرتے ہیں اور کفار سے پیسے لیکر ملک میں فساد کر رہے ہیں جبکہ آپ نے اپنی مادرِ وطن میں امن قائم کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10، 12سالوں کے دوران دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری سول آرمڈ فورسز ، پولیس ، فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں اور افسروں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے شہداء کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں اور غازیوں کے والدین ہمارے لیے مشعل راہ ہیں جن کی اولاد نے پاکستان کی سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا ۔ انہوں ایف سی میں شامل ہونے والے نئے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ غازیوں اور شہیدوں کے راستے پر چلتے ہوئے فسادیوں کا مقابلہ کریں جو اسلام کو بدنام کرتے ہیں اور ہمارے دشمنوں سے پیسے لیکر اسلام کے نام پر فساد پھیلاتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہماری فورسز کی قربانیوں کے نتیجہ میں عوام سوکھ کی زندگی بسر کر رہے ہیں ، انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ ملک سے دہشتگردی کو مکمل طور پر ختم کرنا آپکی ذمہ داری ہے اور شہداء اور غازیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے یہ فریضہ سرانجام دینا ہے ، یہ عزت اور وقار کا کام ہے اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ میں بطور وزیر اور حکومت کے نمائندے کے طور پر یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ حکومت نے تمام تر مشکلات کے باوجود مستقل کی پیش بندی کیلئے ہر قدم اٹھا رہی ہے جو ہماری سیکیورٹی فورسز کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا گذشتہ ساڑھے تین سال میں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے سول آرمڈ فورسز کے بجٹ میں 80ارب روپے کا اضافہ کیا ہے ،

انہوں نے کہا کہ گذشتہ چھ ماہ کے دوران 14ہزار نوجوانوں کی تربیت مکمل ہوئی ہے جبکہ آئندہ دو تین ماہ کے دوران ایف سی کے 29ونگز مکمل کرلئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے ۔ آپ نے ایک طرف دہشتگردی کی جنگ میں اپنا کردار ادا کرنا ہے اس کے علاوہ اپنے ملک اور اس کی سرحد کی حفاظت بھی کرنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں دہشتگردوں کے داخلہ کو روکنے کیلئے سرحد پر باڑ لگائی جائیگی اور ہم سب ملکر ملک کو دہشتگردی سے پاک کریں گے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارا اتحاد اور اتفاق اسی طرح جاری رہا تو ہم اپنی منزل تک کامیابی سے پہنچیں گے ۔

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



حقیقتیں(دوسرا حصہ)


کامیابی آپ کو نہ ماننے والے لوگ آپ کی کامیابی…

کاش کوئی بتا دے

مارس چاکلیٹ بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی…

کان پکڑ لیں

ڈاکٹر عبدالقدیر سے میری آخری ملاقات فلائیٹ میں…

ساڑھے چار سیکنڈ

نیاز احمد کی عمر صرف 36 برس تھی‘ اردو کے استاد…

وائے می ناٹ(پارٹ ٹو)

دنیا میں اوسط عمر میں اضافہ ہو چکا ہے‘ ہمیں اب…

وائے می ناٹ

میرا پہلا تاثر حیرت تھی بلکہ رکیے میں صدمے میں…

حکمت کی واپسی

بیسویں صدی تک گھوڑے قوموں‘ معاشروں اور قبیلوں…

سٹوری آف لائف

یہ پیٹر کی کہانی ہے‘ مشرقی یورپ کے پیٹر کی کہانی۔…

ٹیسٹنگ گرائونڈ

چنگیز خان اس تکنیک کا موجد تھا‘ وہ اسے سلامی…

کرپٹوکرنسی

وہ امیر آدمی تھا بلکہ بہت ہی امیر آدمی تھا‘ اللہ…

کنفیوژن

وراثت میں اسے پانچ لاکھ 18 ہزار چارسو طلائی سکے…