بیجنگ (این این آئی) چین نے اعلان کیا ہے کہ ون بیلٹ ون روڈ کے تحت بننے والے سی پیک منصوبے کی وجہ سے اس کا پاکستان اور بھارت کے درمیان طویل عرصے سے جاری کشمیر کے تنازعے پر موقف تبدیل نہیں ہوگا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی دفتر خارجہ کی ترجمان ہووا چون یانگ نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی وجہ سے علاقائی تعاون اور روابط کو فروغ ملے گا ، سی پیک کا مقصد خطے میں موجود ممالک کی ترقی اور ان کا استحکام ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ سب ملکوں کے درمیان روابط کو فروغ دینے کیلئے ہے، اس کی بنیاد باہمی تعاون اورمشترکہ مفادات ہیں۔ جو بھی ممالک بیلٹ اینڈ روڈ کے راستے میں آتے ہیں ان سب کو اس کے ثمرات سمیٹنے کی بھرپور دعوت دیتے ہیں۔مسئلہ کشمیر کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان کے درمیان ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ دونوں ملک بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے اس کا حل تلاش کرلیں گے۔سی پیک کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پر چین کا موقف تبدیل نہیں ہوگا۔