بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے بیجنگ میں چین کی ہاؤسنگ سیکٹر کی معروف کمپنی کے وفد کی ملاقات۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے ہائوسنگ سیکٹر کی معروف کمپنی کے وفد نے کمپنی کے صدر ڈنگ جیان وائی(Mr.Ding Jian Wei)کی قیادت میں ملاقات کی۔ چینی کمپنی نے پنجاب کے ہاؤسنگ سیکٹرز خصوصاً کم لاگت کے گھروں کی تعمیرکے منصوبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کااظہارکیا ہے
۔ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت فلاح عامہ کے مربوط ایجنڈے کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے ،لوگوں کو اپنی چھت کا احساس تحفظ دلاتا ہے ،پنجاب حکومت نے اس ضمن میں آشیانہ سکیم شروع کی جس کو بہت زیادہ پذیرائی ملی،صوبے میں کم آمد ن والے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی اشد ضرورت ہے ،پنجاب حکومت نے کم آمدن والے طبقات کو گھروں کی فراہمی کا پروگرام ترتیب دیا ہے،شہباز شریف کا مزیدکہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہوگی کہ چینی کمپنی اس سیکٹر میں سرمایہ کاری کرے ،جس کا براہ راست فائدہ عام آدمی کو پہنچے،کم آمد ن والے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کوانتہائی پیشہ وارانہ اور تیزی سے آگے بڑھانا ہوگااورکم آمد ن والے طبقا ت کو چھت کی فراہمی کیلئے چینی کمپنی کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب سے خصوصی ملاقات میں چینی وفد کے سربراہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم پنجاب میں کم لاگت والے گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں ۔اس ضمن میں پنجاب حکومت کے ساتھ شراکت داری کوفروغ دیں گے۔