جڑانوالہ(آئی این پی )مسلم لیگ (ن) کے رہنما ورکن قومی اسمبلی طلال چو ہدری نے کہا ہے کہ عمران خان آئندہ انتخابات کے بعد بھی دھاندلی کا راگ الاپیں گے، موجودہ حکومت وزیر اعظم پاکستان میاں نوازشریف اور خادمِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبودکے منصو بے دیہی علا قو ں میں شروع کر رہے ہیں جس سے ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔
ہفتہ کو چک نمبر 107گ ب میں سوئی گیس منصوبہ کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خادمِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا دیہی روڈ پروگرام انقلابی اقدام ہے اس پروگرام کے تحت کسانوں کو سہولیات فراہم ہو رہی ہیں وہاں ایندھن اور وقت کی بچت بھی ہو گی ۔طلال چودھری نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اقتدار کی نہیں بلکہ اقدار کی سیاست کر رہے ہیں اور ان کی عوام دوست پالیسیوں کی بدولت ملک ترقی کر رہا ہے گیس ، پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کر کے عوام کو ریلیف مہیا کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجو د مخالفین حکومت کے خلاف واہ ویلا کر کے اپنا قد بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن عوام ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ نیوز لیکس پر سیاست کرنے والے ملکی مفاد کو مد نظر رکھیں اور پانامہ کیس میں ناکامی کے بعد عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔ عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ اب حساب ن لیگ کا نہیں بلکہ تحریک انصاف کا ہوگا۔ 10ارب کا جھوٹا الزام لگا کر عمران خان نے اپنا سیاسی قد بڑھانے کی ناکام کوشش کی ہے۔