اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ پارٹی ٹکٹ کس کو ملنا ہے اس کا حتمی فیصلہ خود کروں گا، اس معاملے پر کسی کو بھی گروپنگ کی ضرورت نہیں ، ملک کی ترقی کے لئے ہمیں آپس کے اختلافات ختم کرنا ہوں گے، ملک میں قائم اسٹیٹس کو کے خلاف لڑ رہے ہیں جب کہ ملک کے کسی بھی ادارے میں میرٹ نہیں،
نیوز لیکس کے حوالے سے حقائق کو قوم کے سامنے رکھنے کے لئے مکمل رپورٹ کا اجرا ناگزیر ہے۔ وہ ہفتہ کو یہا ں تحریک انصاف کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔عمران خان نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ کس کو ملنا ہے اس کا حتمی فیصلہ خود کروں گا، اس معاملے پر کسی کو بھی گروپنگ کی ضرورت نہیں ہے، ملک کی ترقی کے لئے ہمیں آپس کے اختلافات ختم کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے کسی بھی ادارے میں میرٹ نہیں ہے اور پی ٹی آئی ملک میں قائم اسٹیٹس کو کے خلاف لڑ رہی ہے۔تحریک انصاف کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کی تحقیقات کے لئے قائم کی گئی جے آئی ٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم شفاف ترین انداز میں عدالت عظمی کی جانب سے فراہم کردہ مدت کے اندر اپنی تحقیقات مکمل کرے۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں کہا گیا کہ متنازع خبر کی صورت میں افواج پاکستان پر حملہ حکومت اور عسکری قیادت کا آپس کا معاملہ نہیں بلکہ اس خبر سے ہر شہری کے جذبات کو ٹھیس پہنچی اس لئے نیوز لیکس کے حوالے سے حقائق کو قوم کے سامنے رکھنے کے لئے مکمل رپورٹ کا اجرا ناگزیر ہے۔اس کے علاوہ اجلاس میں تحریک انصاف کے عبوری آئین کی منظوری بھی دی گئی اور اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے سے متعلق قرار داد بھی منظور کی گئی۔( ع ع)