اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد سے لندن جانے والی پی آئی اے پرواز پی کے 785کے پائلٹ اور پالپا کے سابق صدر عامر ہاشمی کی دوران پرواز سوتے ہوئے کی ویڈیو منظر عام پر آنے پر ان کے خلاف انکوائری بورڈ کے ذریعے انکوائری کی جا رہی ہے۔ پی آئی اے کے کپتان اور پالپا کے سابق صدر عامر ہاشمی نے انکوائری بورڈ میں جواب جمع کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ
انہوں نے دوران پرواز سو کر کوئی قانون شکنی نہیں کی۔عامر ہاشمی نے تسلیم کیا کہ وہ دوران پرواز سو ئے ہیں تاہم ہوا بازی کے حالیہ قوانین اور قواعد کے مطابق انہوں نے کوئی قانون شکنی نہیں کی۔عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ سونے کا فیصلہ مسافروں کی حفاطت کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا تھاانہوں نے سونے سے قبل جہاز کا کنٹرول ٹرینی پائلٹ اور فرسٹ آفیسر پائلٹ کے حوالے کیا تھاجو کہ دونوں پوری طرح سے ٹرینڈ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی سے لائسنس شدہ ہیں۔ عامر ہاشمی نے انکوائری بورڈ کوکہاکہ وہ مجرم نہیں ، یہ تمام ایشو قومی ائیر لائن کو بدنام کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔