لاہور (نیوز ڈیسک) مؤذن مسجد نبوی الشیخ صلاح البدیر نے کہا ہے کہ جب انسان اللہ تعالیٰ سے ڈرنا سیکھ لے گا تو اس کے تمام مسائل خود بخود حل ہوتے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمدﷺ نے جس طرح ہمیں صراط مستقیم پر چلنے کی ہدایت کی ہے اس پر ہمیں بڑھ چڑھ کر عمل کرنا ہو گا۔ وہ گزشتہ روز جامع مسجد بحریہ ٹائون میں جمعہ کے موقع پر خطبہ دے رہے تھے۔ اس موقع پر مسجد کے خطیب مفتی احمد علی اور نمازیوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ الشیخ صلاح البدیر نے خطبہ جمعہ میں مزید کہا کہ آج ہم جس دور سے گزر رہے ہیں اس میں ہمیں محبت اور اتحاد کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے، ہم پاکستان کے لوگوں سے محبت کرتے ہیں کیونکہ وہ بھی محبت کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدا کی رسی کو مضبوطی سے پکڑنے کی ضرورت ہے یہی عمل ہماری نجات کا راستہ بن سکتا ہے۔