راولپنڈی (آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹر کراچی کا دورہ کیا‘ آرمی چیف کو کراچی کی سکیورٹی صورتحال اور سندھ میں مردم شماری کے دوران پاک افواج کے تعاون پر بریفنگ دی گئی جبکہ آپریشن ردالفساد میں پیش رفت سے آگاہ کیا گیا‘ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کے استحکام کے لئے کراچی میں امن ضروری ہے‘ صوبے بھر میں امن کی مکمل بحالی تک کوششیں جاری رکھی جائیں۔
اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹر کراچی کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ ڈی جی رینجرز سندھ بھی آرمی چیف کے استقبال کے لئے موجود تھے۔ آرمی چیف کو کراچی کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو آپریشن رد الفساد میں پیش رفت سے آگاہ کیا گیا جبکہ سندھ میں مردم شماری کے دوران پاک فوج کے تعاون پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے پاک فوج اور سندھ رینجرز کی کارکردگی کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کے استحکام کے لئے کراچی میں امن ضروری ہے صوبے بھر میں اس کی مکمل بحالی تک کوششیں جاری رکھی جائیں۔ آرمی چیف نے قوم پرستوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ (ن غ)