ممبئی(آئی این پی)بھارتی ٹیم کی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کی قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں،بھارتی سپریم کورٹ کی بنائی گئی کمیٹی نے بی سی سی آئی کو جلد اسکواڈ کے اعلان کی ہدایت کردی۔
یکم جون سے انگلینڈ میں شروع ہونے والی چیمپئینزٹرافی کیلئے بھارت نے اب تک اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا تھاوجہ آئی سی سی سے بگ تھری کا خاتمہ تھا۔لیکن اب سپریم کورٹ کی قائم کی گئی، کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرنے بورڈ کو جلد معاملات فائنل کرنے کی ہدایت کی اور صاف کہہ دیا ہے کہ بلا کسی تاخیر کے اسکواڈ کا اعلان کیا جائے نہیں توسپریم کورٹ اپنا اثرورسوخ استعمال کرے گی۔دوسری جانب آئی سی سی کی ویب سائیٹ پرکالم میں شاہد آفریدی نے لکھا کہ چیمپئنزٹرافی آئی سی سی کا واحد ایونٹ ہے جہاں پاکستان نے بھارت کو 2004اور2009میں شکست دے رکھی ہے،امید ہے گرین شرٹس ایجبسٹسن بھی ایک بارپھربھارت کو ہراکر ریکارڈ بہتر بنائیں گے۔کالم میں شاہد آفریدی نے گوتم گمبھیرسے جگھڑے کے حوالے سے بھی لکھا کہ ان سے مستقبل قریب میں کسی کافی شاپ میں ملنے کا امکان نہیں ہے۔ خوش قسمت ہوں کہ اس وقت کھیلا جب دونوں ٹیموں میں، ٹنڈولکر، ڈریورڈ، وسیم اکرم اورانضمام الحق جیسے اسٹار موجود تھے۔