قاہرہ(آئی این پی )القاعدہ کے لیڈر ڈاکٹر ایمن الظواہری نے شام میں اپنے پیروکاروں اور تمام جنگجوؤ ں سے کہا ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور طویل عرصے کے جہاد کے لیے تیار ہوجائیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق القاعدہ نے ڈاکٹر ایمن الظواہری کا ایک آڈیو(صوتی) پیغام جاری کیا ہے۔اس میں انھوں نے جنگجوؤ ں سے کہا ہے کہ وہ پرعزم رہیں اور گوریلا جنگ کے حربوں کو تبدیل کریں۔ایمن الظواہری نے کہا کہ ایک بین الاقوامی شیطانی اتحاد شام میں کبھی اسلام کی حکمرانی کو تسلیم نہیں کرے گا۔
یہ جنگ صرف شامی قوم پرستوں کے ساتھ مخصوص نہیں ہے بلکہ یہ تمام مسلم قوم کی ایک مہم ہے جو اسلامی حکمرانی قائم کرنا چاہتی ہے۔واضح رہے کہ شام میں القاعدہ کی شاخ النصرہ محاذ نے کچھ عرصہ قبل اس بین الاقوامی تنظیم سے اپنا ناتا توڑ لیا تھا اور اب یہ فتح الشام محاذ کے نام سے وہاں کام کررہی ہے۔امریکا کی قیادت میں اتحاد نے حالیہ مہینوں کے دوران اس کے جنگجوں پر حملوں میں اضافہ کردیا ہے اور اس کے بعض سینیر لیڈر ان فضائی حملوں میں مارے جاچکے ہیں۔