لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک پبلک پالیسی تھنک ٹینک ‘پلڈاٹ نے تجویز پیش کی ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ’غیر ضروری تنازعات‘ سے بچنے کے لیے سیاستدانوں بالخصوص سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقات نہیں کرنی چاہئے۔سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے جاری ہونے والے اپنے تازہ ترین تبصرے میں پلڈاٹ کا کہنا ہے کہ 31 مارچ کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے ہونے والی
ملاقات نے میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی اور لوگوں کو یہ سوالات و قیاس آرائیاں کرنے پر مجبور کیا کہ یہ ملاقات کیوں کی گئی۔مبصر تنظیم کے مطابق ’جب تک کوئی نئی معلومات سامنے نہیں آتیں ہمارا خیال ہے کہ عوامی طور پر آرمی چیف کی پارٹی سربراہان سے ملاقاتیں پسندیدہ نہیں‘۔پلڈاٹ کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر ملاقات کا مقصد خیبرپختونخوا حکومت سے متعلق تھا، جہاں عمران خان کی سیاسی جماعت کی حکومت ہے، تو اس کے لیے درست انتخاب خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ تھے‘۔