اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)یہ دنیا اسرار سے بھری پڑی ہے جس میں بسا اوقات ایسے پراسرار واقعات پیش آتے ہیں کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے ۔ اسی طرح کا ایک واقعہ کراچی کے علاقے لانڈھی میں بھی ہر روز صبح صادق رونما ہوتا ہے جس کا پہلی مرتبہ تجربہ کرنے والے
افراد نہ صرف حیران بلکہ ششدر رہ جاتے ہیں جبکہ وہاں رہنے والے افراد اب اس کے عادی ہو چکے ہیں۔پاکستان کے ایک مؤقر روزنامہ کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں ایک ایسی مسجد ہے جو طویل عرصے سے بند پڑی ہے مگر وہاں روزانہ فجر کے وقت اذان کی آواز آتی ہےاور گماں ہوتا ہے کہ بند مسجد شاید اپنے نمازیوں کو بلارہی ہو۔ یہ مسجد قیام پاکستان کے فوری بعد تعمیر کی گئی لیکن موذن محمد وزیربابا کے انتقال کے بعد اس مسجد کو بند کردیاگیاتھا۔ محمد وزیربابا کا بیماری کے باعث 23 دسمبر 1964ءکو انتقال ہوا تھا۔مسجد سےمتصل کمرے میں مؤذن محمد وزیر بابا اور ان کے رشتہ داروں کی قبریں آج بھی موجود ہیں۔فجر کے وقت بند مسجد سے اذان کی آواز آنے سے متعلق اسماعیل گوٹھ قبرستان کے گورکن جمال کا کہنا ہے کہ قبرستان کے پرانے خدمتگاروں اور گورکنوں کے مطابق محمد وزیر بابا جب اذان دیتے تھے تو ایک عجیب سماں بندھ جاتا تھا۔مرحوم محمد وزیر بابا عموماََ جنازہ پڑھاتے اور قبروں پر فاتحہ خوانی بھی کرتے تھے ان کے انتقال کے چندعرصہ بعدہی مسجد ویران ہونا شروع ہوگئی اور اس پر تالے لگادئیے گئے ۔