راولپنڈی (این این آئی)آپریشن ردالفساد کے تحت اورکزی اور کرم ایجنسی میں کی گئی کارروائیوں میں راکٹس‘ بارودی سرنگوں‘مارٹرزاور دھماکہ خیز مواد کا بھاری ذخیرہ برآمد جبکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا زیر زمین مرکزتباہ کر دیاگیا‘
کارروائی قابل اعتماد انٹیلی جنس کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن رد الفساد کے تحت ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں سکیورٹی فورسز نے اورکزئی ایجنسی کے علاقہ کلایا اور کرم ایجنسی کے علاقہ پارہ چنار میں قابل اعتماد انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں اسلحہ اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ برآمد کر لیا جس میں راکٹس‘ تیاربارودی سرنگیں ‘ دھماکہ خیز مواد ‘ گرینیڈز‘ مارٹر بم مختلف قسم کے ہتھیار اور مواصلاتی آلات شامل ہیں۔بیان کے مطابق کلایا اورکزئی ایجنسی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکز زیر زمین سرنگوں میں قائم کیا گیاتھاجسے آپریشن کے دوران تباہ کر دیاگیا۔خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پارہ چنار کرم ایجنسی میں کی گئی ایک الگ کارروائی میں ایف سی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے اسلحہ اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ برآمد کر لیا جس میں راکٹ‘ گرینیڈ‘ بارودی سرنگیں‘مارٹراسلحہ‘ دھماکہ خیز مواد مختلف نوعیت کے ہتھیار اور مواصلاتی آلات شامل تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اسلحہ کے اس قدر بھاری ذخیرے کی برآمدگی بڑی دہشت گردانہ کارروائی کی منصوبہ بندی کو ظاہر کرتی ہے جسے ناکام بنا دیاگیا۔