اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب ) نے کروڑوں روپے کی مالی بدعنوانی میں ملوث سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے ریجنل منیجر عبدالباسط قریشی اور لوکل گورنمنٹ کونسلر سمیت دیگر کل 25 ملزمان کوگرفتار کر لیا۔
تمام ملزمان نے اسٹیٹ لائف کی جعلی پالیسیز کیش کرواکر خزانے کو 10 کروڑ 68 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔ایک بیان کے مطابق سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن میں 106 ملین کی کرپشن میں ملوث ریجنل منیجر عبدالباسط قریشی لوکل گورنمنٹ کونسلر سمیت دیگر 25 ملزمان لاہور کے مختلف علاقوں سے ایک ہی دن میں گرفتار کئے گئے ۔ملزمان مجموعی طور پر 113 مختلف بینک اکاؤنٹس میں 436 چیکس کے زریعے کروڑوں روپے کیش کروانے میں کامیاب ہوئے،90 ایسے افراد کو نوازا گیا جنہوں نے کبھی کوئی پالیسی خریدی ہی نہ تھی۔ملزمان اصل پالیسی نمبرز کے مطابق آپس کی ملی بھگت سے جعلی کاغذات بناتے اور میچور کروا کر بھاری وصولیاں کرتے رہے ،نیب لاہونے اسٹیٹ لائف زونل آفس لاہور سے ملنے والی شکایت پر تفتیش شروع کی جس کے بعد نیب لاہورانٹیلی جنس ونگ کی جانب سے بڑے پیمانے پر گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں.۔ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔