اسلام آباد (آئی این پی)وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک وفد کے ہمراہ 3روزہ دورے پر چین روانہ ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک وفد کے ہمراہ تین روزہ دورے پر چین روانہ ہوگئے۔وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک 160رکنی وفد کے ہمراہ چین روانہ ہوئے جہاں وہ چینی حکام سے ملاقاتیں کریں گے
جس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق امور اور صوبے میں توانائی اور سڑکوں سمیت دیگرترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک چین کا دورہ کرچکے ہیں جس کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اپنے دورہ چین کے حوالے سے پرویز خٹک نے بتا یا تھاکہ اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پشاور تا کراچی فاسٹ ٹریک ڈبل لائن ریلوے بنائی جائے گی اوردیا میر بھاشا ڈیم تعمیر کیا جائے گا ۔انہوں نے بتا یا کہ سی پیک منصوبے کے تحت پشاور تا ڈی آئی خان ڈبل ٹریک ہائی وے تعمیر کیا جائے گا ،کوہاٹ کو جھنڈ کے ذریعے مغربی روٹ سے منسلک کیا جائے گا ،گلگت تا حویلیاں ریلوے ٹریک کے ساتھ ساتھ ڈبل روڈ اور فائبر آپٹک بچھائی جائے گی ،ہتار انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جائے گی اس کے علاوہ خیبر پختواہ کو گلگت ،چترال ،دیر اور چکدرہ سے ملانے والا متبادل روڈ تعمیر کیا جائے گا ۔